جج صاحب آپ ایجنسیوں کو نہیں اللہ کو جوابدہ ہیں،اہلیہ کو تو چھوڑدیں،عمران خان

226

اسلام آباد /راولپنڈی/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نئے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران کہا کہ جج صاحب آپ اللہ کو جوابدہ ہیں، آئی ایس آئی کو نہیں، جج بشیر نے کہا تھا سر پر بندوق رکھ کر فیصلہ لیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے سماعت کے آغاز پر میڈیا کی غیر موجودگی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر میڈیا نہیں آتا تو میں عدالت سے واک آؤٹ کر جاؤں گا۔ بانی پی ٹی آئی کے اعتراض پر عدالت نے میڈیا نمائندگان کو جیل کے اندر بلانے کا حکم دیا، میڈیا نمائندوں کے عدالت میں داخل ہوتے ہی سماعت کا آغاز ہوا۔ سماعت کے آغاز پر بانی پی ٹی آئی روسٹم پر گئے اور جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جج صاحب میری بیوی کا توشہ خانہ سے کچھ لینا دینا نہیں، جیل میں 4 مرتبہ قرآن پڑھا ہے اس میں ججز پر اللہ نے بہت ذمہ داری ڈالی ہے، بشریٰ بی بی کو صرف مجھے اذیت پہنچانے کے لیے جیل میں ڈال رکھا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میری بیوی کو بادشاہ سلامت ٹارگٹ کر رہے ہیں کیونکہ میں نے اس کو آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹایا اور میری بیوی نے اس کی سفارش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو رات 12 بجے بتایا جاتا ہے صبح نیا کیس لگے گا، نیب والے روبوٹ ہیں ان کو تنخواہ دے کر جو مرضی کام کروا لیں، پہلے جس ریفرنس میں سزا ہوئی وہ جیولری سیٹ ہمارے پاس ہے اور اس کی قیمت 1 کروڑ 80 لاکھ روپے تھی لیکن انہوں نے سوا 3 ارب کر دی۔بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں صرف اپنی بیوی کی بات کرتا ہوں، اس کو دوبارہ گرفتار کرکے بہت غلط کیا ہے۔ پہلے آفتاب سلطان اور دیگر لوگ مستعفی ہوئے کیونکہ یہ غلط فیصلے کرانا چاہتے تھے، دوسرا کیس اس لیے بنایا ہے کیونکہ ان کو پتا چل گیا ہے پہلا سیٹ ہمارے پاس ہے، جنگل کے بادشاہ نے سب کچھ کرایا ہے۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی ایک ساتھ بیٹھے رہے۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا 8 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرکے 20 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں نیب کیس کی سماعت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن ہارون نے دونوں کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے دونوں کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تاہم بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے ریمانڈ میں اضافے کی درخواست کی جس پر عدالت نے 8 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔ نئے نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر توشہ خانہ سے برال جیولری سیٹ خرید کر فروخت کرنے کا الزام ہے۔ برال جیولری سیٹ کی کل مالیت 7 کروڑ 50 لاکھ روپے بنتی ہے۔لاہور پولیس نے بانی تحریک انصاف کی جناح ہاؤس سمیت 12 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی۔ ڈان نیوز کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاہور پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی 12 مقدمات میں گرفتاری ڈالتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ریاست کے خلاف اکسانے کی دفعات کے تحت تفتیش کی جائے گی۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف مجموعی طور پر 16 مقدمات درج ہیں اور انہوں نے 4 مقدمات میں ضمانت کرا رکھی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے راولپنڈی کی عدالت سے بانی پی ٹی آئی کو لاہور منتقل کرنے کی استدعا کی لیکن راولپنڈی کی عدالت نے سیکورٹی خدشات کے سبب بانی پی ٹی آئی کو منتقل کرنے کی اجازت نہ دی۔ذرائع نے بتایا کہ پیر کو بانی پی ٹی آئی کو وڈیو لنک کے ذریعے لاہور کی عدالت میں پیش ہوں گے اور عدالت سے جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔