جج صاحب آپ اللہ کو جوابدہ ہیں، آئی ایس آئی کو نہیں، عمران خان

271

اسلام آباد:  بانی تحریک انصاف(  پی ٹی آئی ) عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے جیل میں ڈالیں لیکن میری بیوی کو تو چھوڑ دیں، جج صاحب آپ اللہ کو جوابدہ ہیں، آئی ایس آئی کو جوابدہ نہیں ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے اڈیالا جیل میں سماعت شروع ہونے سے قبل ہی کہا کہ اگر میڈیا نہیں آتا تو میں عدالت سے واک آؤٹ کر جاؤں گا، اعتراض کے بعد صحافیوں کو جیل میں بلالیا گیا،  جس کے بعد باقاعدہ سماعت کا آغازہوا، عمران خان ملزم کے کٹہرے میں جاکر جج سے مخاطب ہوئے اور کہاکہ جج صاحب میری بیوی کا توشہ خانہ سے کچھ لینا دینا نہیں، ججز پر اللہ نے بہت ذمہ داری ڈالی ہے، بشری بی بی کو صرف مجھے اذیت پہنچانے کے لیے جیل میں رکھا ہے، میری بیوی کو بادشاہ سلامت ٹارگٹ کر رہے ہیں کیونکہ میں نے اس کو آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹایا۔

انہوں نے مزید کہاکہ چیئرمین نیب اور طوائف میں کوئی فرق نہیں، طوائف جسم فروش کرتی ہے اور اس نے ضمیر فروش کر دیا ہے،  نیب والے روبوٹ ہیں ان کو تنخواہ دے کر جو مرضی کام کروا لیں، پہلے جس ریفرنس میں سزا ہوئی وہ جیولری سیٹ ہمارے پاس ہے، پہلے آفتاب سلطان اور دیگر لوگ مستعفی ہوئے کیونکہ یہ غلط فیصلے کرانا چاہتے تھے، دوسرا کیس اس لیے بنایا ہے کیونکہ ان کو پتا چل گیا ہے پہلا سیٹ ہمارے پاس ہے۔