عدت کیس میں عمران خان کے بیانات میں تضاد رہا، طلال چودھری

46

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ عدت کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے اپنے بیانات میں تضاد رہا، کبھی مارچ کبھی جنوری کی تاریخ دیتے رہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک عدت والا معاملہ بھی ٹھیک، تحفے کی گھڑی سے کمائی بھی ٹھیک، 190 ملین پاؤنڈ کی ڈکیتی بھی ٹھیک، بنا مانگے مخصوص نشستیں بھی ٹھیک، یہ ہے ان کا انصاف کا معیار۔ مخصوص نشستوں کے کیس میں بغیر درخواست ریلیف مل سکتا ہے تو ’’عدت‘‘ کی ’’مدت‘‘ بھی معاف ہوسکتی ہے۔ ’’شوہر ثانی‘‘ کو ریلیف ’’گڈ ٹو سی یو‘‘ کا تسلسل دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں شادی ہوئی، خبر آئی کہ جنوری میں ہوئی، نکاح خواں نے گواہی دی لیکن نکاح خواں کی گواہی کو وزن نہیں دیا گیا۔ ملک، معاشرے اور معیشت کو برباد کرنے والے کے جرائم کی فہرست لامحدود ہے۔