کوئٹہ (صباح نیوز)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گاڑی کے قریب دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا کوئٹہ کے علاقے اختر آباد میں مغربی بائی پاس کے قریب ہوا۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو حکام جائے وقوعہ پہنچ گئے، پولیس، بم ڈسپوزل سکواڈ اور ایف سی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔ریسکیو حکام نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے شخص اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔