بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹیم کی پاکستان نہ آنے کی خبروں کو مسترد کردیا

248

ممبئی (اسپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے میڈیا میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے چلنے والی نیوٹرل وینیو کی خبروں کو مسترد کر دیا۔نائب صدر بی سی سی آئی راجیو شکلا نے نیوٹرل وینیو کی افواہوں سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نہیں پتہ کہ یہ خبریں کہاں سے آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی نے چیپئنز ٹرافی سے متعلق باضابطہ طور پر ابھی کوئی بیان نہیں دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا کی جانب سے دعوی کیا جارہا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں جائے گی اور ہائبرڈ ماڈل کے تحت چیمپنز ٹرافی کے کچھ میچز دیگر ممالک میں کھیلے جائیں گے۔خیال رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 200کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملی ہے جو19فروری سے 19مارچ تک پاکستان کے 3 بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بھارت کے تمام میچز ایک ہی شہرلاہور میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور میں واہگہ بارڈر کی وجہ سے میچز رکھے گئے ہیں تاکہ بھارتی شہری ان میچز میں آسانی سے شرکت کرسکیں۔تاہم، چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کی شمولیت اب بھی سوالیہ نشان ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ نے نے دورہ پاکستان کا فیصلہ بھارتی حکومت پر چھوڑا ہوا ہے اور بھارتی حکومت کی جانب سے اس بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔اس سے قبل، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان ہی کرے گا اور تمام میچز ملک کے اندر ہی ہوں گے، جب کہ بھارتی ٹیم کا پاکستان آنے یا نہ آنے کا معاملہ قبل از وقت ہے، پاکستان میں باہر سے بھی ٹیمیں آئیں گی اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی۔بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جب کہ 2013-2012 میں پاکستان کے دورہ انڈیا کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہیں۔