نیپالی وزیراعظم اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام

130

کٹھ منڈو (انٹرنیشنل ڈیسک) نیپال کے وزیراعظم پشپا کمال ڈاہل اتحادیوں کی دستبرداری کے بعد پارلیمان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق پارلیمان میں وزیراعظم پر اعتماد کے لیے قرارداد پیش کی گئی تاہم کمیونسٹ پارٹی آف نیپال یونیفائیڈ مارکسسٹ لیننسٹ (سی پی این-یو ایم ایل) حکومت کے ساتھ تعاون سے دستبردار ہوگئی۔ 69 سالہ پشپا کمال ڈاہل نے 275 کے ایوان میں 63 ووٹ حاصل کیے ۔ قرارداد کی مخالفت میں 194 ووٹ پڑے جبکہ اعتماد کا ووٹ جیتنے کے لیے کم از کم 138 ارکان کی حمایت درکار تھی۔ واضح رہے کہ پشپا کمال ڈاہل پراچندا کو 25 دسمبر 2022 ء میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک 4 بار اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے مشکل مرحلے سے گزرنا پڑا ہے۔