کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) روزنامہ جسارت کراچی صفحہ محنت کے انچارج،کراچی پریس کلب کے ممبر اور سینئر صحافی قاضی سراج العابدین کی پہلی برسی کے موقع پرنیشنل ریفائنری کنٹریکٹر ورکرز یونین (سی بی اے)اور وی ٹرسٹ کے زیر اہتمام ان کی خدمات پر روشنی ڈالنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کی یاد میں ایک دعائیہ تقریب کا انعقادکیا گیا۔
پہلی برسی کے موقع پر دعائیہ تقریب میں قاضی سراج العابدین (مرحوم) کی محنت کش طبقے کے مسائل اجاگر کرنے اور مزدروں کے حوالے سے ان کی گَراں قدر خدمات کو یاد کیا گیا اور انہیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
عمیر عادل نے تلاوت کلام پاک اور ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ، دعائیہ تقریب13 جولائی 2024، بروز ہفتے کی شام پاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ پاکستان ،وی ٹرسٹ ہال گلشن اقبال کراچی میں منعقد ہوئی۔
دعائیہ تقریب میں مزدور رہنماؤں، سول سوسائٹی ،سینئر صحافیوں، مرحوم کے صاحبزادے ، ٹریڈ یونین تحریک کے رہنماؤں، سیاسی اور سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی۔
برسی کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے باباے مزدور نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے بانی اور وی ٹرسٹ کے چیئرمین پروفیسر شفیع ملک، نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کراچی کے صدر خالد خان،پاکستان ورکز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری وقار میمن،نیشنل ریفائنری کنٹریکٹر ورکرز یونین (سی بی اے) کے، جنرل سیکرٹری شاکر محمود صدیقی، نیشنل ٹریڈ یو نین سیکرٹری جنرل ناصر منصور، سیسی آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری وسیم جمال ، معروف مزدور رہنما غلام مصطفی ہاشمانی ، قاضی سراج العابدین کے صاحب زادے قاضی معاذ سراج، قاضی وہاج سراج ،چیف رپورٹر روزنامہ جسارت کراچی قاضی جاوید باسط،سینئر صحافی و ہفت ر وزہ ٹریڈ یونین کے چیف ایڈیٹر شاہد غزالی،سینئر صحافی روزنامہ جنگ کے اسپورٹس رپورٹر اور آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائیز کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور کراچی یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر شکیل یامین کانگا، ای او بی آئی کے سابق افسر تعلقات عامہ اسرار ایوبی ،این ایل ایف کے سابق رہنما نسیم احمد،پی آئی اے ریٹائرڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن (پیارے) کے صدر سید طاہر حسن ،ٹریڈ یونین رہنماؤں اعظم ،ظفر پاشا اورعارف سمیت دیگر نے قاضی سراج العابدین مرحوم کی پہلی برسی کے موقع پر دعائیں کی اور ان کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ قاضی سراج العابدین (مرحوم) کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم استقامت، عبادت گزار اور دین اسلام سے محبت کرنے والی شخصیت تھے، وہ نیک اور صالح انسان تھے۔ قاضی سراج العابدین (مرحوم) ایک باعمل مسلمان اور مزدورں کا سرمایہ تھے۔ انہوں نے زندگی کا ہر لمحہ مزدورں کی خدمت کرنے میں گزارا ہے وہ ایک مخلص، محب وطن شخصیت کے مالک تھے۔اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔
مقررین نے قاضی سراج العابدین (مرحوم)کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی مزدور دوست خدمات اور کاوشوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔تقریب میں مرحوم کی صحافتی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ قاضی سراج العابدین نے گزشتہ 33برس کے دوران روزنامہ جسارت کراچی کے صفحہ محنت کے ذریعے پاکستان کی مزدور تحریک اور بین الاقوامی مزدور تحریک کی جدو جہد کو آگے بڑھایا ہے، قاضی سراج العابدین صحافت میں وفاداری محنت اور فوکس کے ساتھ موجود رہے۔
جسارت کا صفحہ محنت اپنی نوعیت کا منفرد صفحہ ہے، جب اخبارات مزدوروں کی خبروں سے جان چھڑا رہے ہوتے تھے، قاضی سراج ان کی خبریں ڈھونڈ ڈھونڈ کر لگاتے تھے۔ قاضی سراج کا تمام ٹریڈ یونینز سے گہرا قریبی تعلق تھا۔
شہر بھر میں محنت کشوں کا کوئی پروگرام ہو قاضی سراج مدعو ہوتے تھے۔ یہ انکی ذاتی دلچسپی محبت اور بے لوث محنت تھی کہ انہوں نے جسارت کو مزدوروں میں متعارف کروایا۔ آج تمام محنت کش دکھی ہیں کہ ہم یتیم ہوگئے ہیںمزدور غمزدہ ہیں کہ وہ ایک سائبان سے محروم ہو گئے ہیں۔
مقررین نے قاضی سراج ملک کے مظلوم محنت کش طبقہ کو درپیش مسائل اجاگر کرنے اور ان کے مطالبات ارباب و اختیار تک پہنچانے کے لئے طویل اور بے لوث خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مقررین نے مزید کہا کہ محنت کشوں کی سرگرمیوں کی خبروں اور رپورٹوں کا حصول قاضی سراج کا اوڑھنا بچھونا تھا وہ اس مقصد کے حصول کے لیے پیرانہ سالی کے باوجود ہر قسم کے سرد و گرم موسم اور حالات واقعات کی پروا کیے بغیر محدود وسائل اور بے سروسامانی کے عالم میں شہر کے مختلف صنعتی علاقوں میں منعقد ہونے والی محنت کشوں کی تقاریب ، جلسوں جلوسوں اور احتجاجی مظاہروں کی بھرپور کوریج کیا کرتے تھے۔
اس موقع پر مرحوم کے صاحبزادے اور صفحہ محنت جسارت کے انچارج قاضی معاذ سراج نے محنت کش طبقہ کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنے والد محترم کی غیر معمولی خدمات اور ان کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بھرپور تعاون کرنے پر پاکستان بھر کی تمام ٹریڈ یونینز اور روزنامہ جسارت کراچی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ برسی کی تقریب کے اختتام پر قاضی سراج العابدین مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے عمیر عادل نے دعاکرائی۔