کراچی سے اُڑان بھرنے والی پی آئی اے کی پرواز راستہ بھٹک گئی

282

کراچی:قومی فضائی کمپنی کی کراچی سے اُڑان بھرنے والی پرواز دورانِ پرواز راستہ بھٹک گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ سے قومی ائرلائن پی آئی اے کی سکھر کےلیے ٹیک آف کرنے والی  پروازفضا میں راستہ بھٹک گئی، جس پر ائرٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر کارروائی کرکے طیارے کو حادثے سے بچا لیا۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 536 نے کراچی سے سکھر کے لیے اڑان بھری تھی کہ کچھ ہی دیر کے بعد طیارے کا نیوی گیشن نظام بگڑ گیا، جس کی وجہ سے طیارہ اپنے مقررہ روٹ سے ہٹ کر کسی دوسری جانب رُخ کر گیا۔

طیارے کا رخ بدلنے کا پتا چلتے ہی ائرٹریفک کنٹرول نے حاضر دماغی سے کام لیا اور طیارے کے کپتان سے رابطہ کرکے اسے آگاہ کیا کہ طیارہ اپنا راستہ بھٹک چکا ہے۔

کپتان کی جانب سے ائرٹریفک کنٹرولر کو بتایا گیا کہ اس کا نیوی گیشن نظام بگڑ گیا ہے، جس پر ائرٹریفک کنٹرولر نے رہنمائی کرتے ہوئے طیارے کو واپس کراچی ائرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کروایا۔