سکھر(نمائندہ جسارت) غلام محمد مہر میڈیکل کالج کے زیر انتظام سول اسپتال کے ملازمین کا احتجاج، ڈیلی ویجز ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کام چھوڑ ہڑتال کرکے احتجاج کیا ہڑتال کے باعث سرجیکل آئی سی یو،ایکسرے سمیت دیگر شعبوں میں کام ٹھپ ہوگیا۔ متاثرین کا او پی ڈی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جارہی ہیں، گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آن پہنچی ہے پر مجبور ہوگئے، ایم ایس اور پرنسپل آفس کے چکر کاٹ کر تھک گئے لیکن تدارک نہیں کیا گیا، مجبور ہوکر احتجاج کا راستہ اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حق مانگنے پر نوکری سے فارغ کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، کیا پرنسپل اور دیگر افسران بغیر تنخواہ کام کریں گے، ہم غریب ہیں،بچوں نے عید کی خوشیاں بھی نہیں دیکھیں ۔