کراچی ( بزنس رپورٹر )مال بردار گاڑیوں کی ایکسل لوڈ رجیم کے نفاذ کی آڑ میں اندورون ملک تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے تاجروں سے من مانے کرائے بٹورتے ہوئے لوٹ مار عروج پر ہے جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹیشن کی مد میں تاجروں کے اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے جبکہ برآمدی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ اس ضمن میں سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی) کے چیئرمین قاسم یعقوب پراچہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ٹرانسپورٹرزکی لوٹ مار کا نوٹس لینے اور وزارت مواصلات کے طے کردہ ایکسل لوڈ کے مطابق تاجروں سے کرایہ لینے کا پابند بنانے کی درخواست کی ہے۔ قاسم یعقوب پراچہ نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر مواصلات علیم خان سے اپیل کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ ٹرانسپورٹرز مافیا ایکسل لوڈ کی مقررہ حد کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے پنجاب، سندھ سمیت ملک بھر سے تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے لوڈ کی مقرر حد کے بجائے 30 سے 32 ٹن لوڈ کا کرایہ وصول کررہے ہیں جس کا جواز یہ پیش کیا جاتا ہے کہ انہیں سامان کی ترسیل کے دوران بے جا چالان اور دیگر رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے وہ تاجروں سے زائد کرایہ لے رہے ہیں جس کے نتیجے میں سالٹ سمیت دیگر سیکٹرز کی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں جبکہ کاروباری لاگت میں بھی بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے نیز برآمدات پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔