تین سال سے جاری مہنگائی نے عوام کوتھکا ڈالا ، میاں زاہد حسین

157

کراچی ( بزنس رپورٹر )ایف پی سی سی آئی پالیسی ایڈوائزری بورڈ اورنیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائْی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ تین سال سے جاری مہنگائی نے عوام کوتھکا ڈالا ہے۔ گزشتہ تین سال میں کوئی حکومت بھی مہنگائی کم نہیں کرسکی ہے۔ چند ماہ قبل مہنگائی میں کچھ کمی آئی تھی مگربجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ اورٹیکسوں کی بھرمارسے مہنگائی کودوبارہ بڑھایا جا رہا ہے جس سے عوام مایوس اورمشتعل ہورہے ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارمہنگائی کی لہرتین سال سے جاری ہے جومستقبل میں بھی جاری رہے گی جبکہ ارباب اختیار عوام کومطمئن کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔ صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ مہنگائی کے اثرات کم کرنے کی کوشش کریں کیونکہ ان کے پاس وافر بجٹ موجود ہے۔ اس وقت عوام کے لئے بجلی کے بلوں کی ادائیگی مسئلہ بنی ہوئی ہے جبکہ اگلے ماہ سے تنخواہوں میں اضافی ٹیکس کی کٹوتی، بجلی کے نرخ اورفکسڈ پیمنٹ میں اضافہ اوراووربلنگ سے انکی حالت مزید خراب ہونے کہ امکانات ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ سیاستدانوں اوربیوروکریسی کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کوبھگتنا پڑرہا ہے اورتوانائی کے شعبہ میں ہرقسم کی کرپشن، چوری اور لائن لاسسز کا ملبہ بھی عوام پرہی ڈالا جا رہا ہے۔ اقتصادی استحکام کے نام پرعوام کا معیارزندگی ختم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔