لاہور ہائیکورٹ کا صنم جاوید کو فوری رہا کرنے کا حکم

62

 

لاہور( نمائندہ جسارت)لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو گوجرانوالہ کے مقدمے میں فوری طور پر جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے صنم جاوید کی گوجرانوالہ کے مقدمے میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عدالتی فیصلے میں لکھا گیا کہ تفتیشی افسران کی جانب سے درخواست گزار کو بار بار ایک ہی نوعیت کے مقدمے میں نامزد کرنا بدنیتی ظاہر کرتا ہے ،درخواست گزار کو رہائی کے بعد بار بار گرفتار کرنے کا مقصد عدالتی نظام کو شکست دینا ہے۔عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور اور گوجرانوالہ نے جیل میں ہونے کے باوجود درخواست گزار کے نظر بندی کے احکامات جاری کیے، ڈپٹی کمشنرز کا کردار سخت کارروائی کا کہتاہے لیکن عدالت بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی کارروائی نہیں کر رہی۔ فیصلے میں لکھا گیا کہ عدالت امید کرتی ہے ڈپٹی کمشنرز آئندہ مایوس نہیں کریں گے۔