لاہور ہائیکورٹ:نیپرا کو بجلی بلز میں ٹیکس اور اضافی چارجز ختم کرنے کا حکم

116

راولپنڈی:لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے نیپرا کو بجلی کے بلوں میں چار ہفتوں کے اندر ٹیکسز اور اضافی چارجز ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

نیپرا کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ٹیکسز اور اضافی چارجز کے خلاف رضوان الہٰی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو فریق بنایا گیا تھا۔ عدالت نے سماعت کے دوران دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں نیپرا کو ہدایت کی کہ وہ  4 ہفتوں میں صارفین بجلی کے اعتراضات سن کر غیر قانونی ٹیکس ختم کرے۔ اضافی چارجز کے خلاف شکایات سن کر انہیں بھی ختم کیا جائے۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمے داری ہے۔ حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کے تمام متاثرہ صارفین نیپرا سے رجوع کریں، اگر داد رسی نا ہوئی تو پھر ذمے داران کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

عدالت نے پٹیشنر رضوان الہٰی ایڈووکیٹ کی پٹیشن بطور شکایتی درخواست بھی نیپرا کو بھیجنے کا حکم جاری کیا۔