سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا: چیئرمین پی ٹی آئی

194
No deal offered to Imran Khan

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 11 ججز نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور ہمارا حق آخر مل ہی گیا، آج کا دن کروڑوں عوام اور جمہوری قوتوں کے لیے خوشی کا دن ہے، جمہوری قوتیں اور محب وطن پاکستانی شکرانے کے نفل ادا کریں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، جو لوگ پی ٹی آئی کو مٹانا چاہتے تھے انہیں پیغام مل گیا، ہم آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عدالتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہوا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا عظیم دن ہے۔ طاقتور اور جابر ہمارے حقوق چھین کر دوسروں کو مال غنیمت سمجھ کر نشستیں بانٹنا چاہتے تھے۔ آج کے فیصلے نے آئین کو پامال کرنے کا فیصلہ روک دیا ہے۔