پاکستان اسلام کے نام پر بنا، اسے اسلامی نظام چاہیے‘راشد نسیم

58

لاہور(نمائندہ جسارت)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ سے ’’ہم اور ہمارا کام‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی دیگر سیاسی پارٹیوں سے اس لیے منفرد ہے کہ یہ کارکنان کی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کی تربیت کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں دیگر نام نہاد بڑی پارٹیوں کی پالیسیوں میں یکسانیت ہے، یہ سودی نظام کی علمبردار اور مغرب اور استعماری قوتوں کی کاسہ لیس ہیں، انھوں نے ملک کو بھکاری بنایا، قوم کو مہنگائی اور بے روزگاری کے تحفے دیے، ان کے ہوتے ہوئے عوام کی فلاح ممکن نہیں، پاکستان اسلام کے نام پر بنا، اسے اسلامی نظام چاہیے۔ جماعت اسلامی افراد کی تربیت ان پیمانوں پر کر رہی ہے کہ وہ زمام اقتدار سنبھال کر ملک کو حقیقی معنوں میں اسلام کی روشنی سے منور کریں۔ انھوں نے کہا کہ معرکہ کربلا حق و باطل کی لڑائی تھی جس میں حسینؓ کامیاب ہوئے، یہی وجہ ہے کہ صدیاں گزرنے کے بعد بھی آج امت کی وابستگی حسینؓ سے ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں فلسطین کے مجاہدین نے حسینؓ سے وابستگی کا حق ادا کر دیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ امت متحد ہو کر حق کو غالب کرنے اور باطل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرے۔ مرکزی تربیت گاہ میں اندرون سندھ سے آئے افراد شریک تھے۔