کراچی (کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جوہر قندھاری نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے ڈومیسٹک صارفین کو بجلی پر 3 ماہ کے ریلیف کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے عوام کو کچھ رعایت ضرور ملے گی تاہم حکومت مستقل بنیادوں پر بھی رعایت کا طریقہ کار واضح کرے۔ صدر کاٹی نے مزید کہا کہ حکومت صنعتوں کیلئے بھی ریلیف کا اعلان کرے، جس طرح کچھ عرصے پہلے وزیر اعظم نے صنعتوں کیلئے ریلیف کا اعلان کیا تھا لیکن نیپرا کی جانب سے قیمتوں میں جتنا ریلیف دیا گیا اس سے دگنا اضافہ کرکے رعایت کے اثرات کو ضائع کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت خطرے میں ہے اور صنعتیں تباہی کے دہانے پر کھڑی ہیں۔ توانائی کی حد سے زیادہ قیمتوں نے صنعتوں کیلئے مشکلات میں اضافہ کردیا جس کے باعث بہت سے صنعتکار انڈسٹری بند کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ جوہر قندھاری نے مزید کہا کہ صنعتوں کے لیے بجلی اور گیس کے چارجز میں حالیہ اضافے نے پیداوار اور کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنا ناقابل برداشت بنا دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے نرخوں کو 9 سینٹ فی کلو واٹ تک کم کیا جائے، جبکہ شرح سود میں بھی کمی کرکے 12 فیصد مقرر کی جائے تاکہ معیشت، برآمدات، سرمایہ کاری اور روزگار میں اضافے کیلئے وسائل فراہم کئے جائیں۔