پاکستان کی سیکورٹی اور غیر ملکی سرمایہ کاری

229

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی تنظیم اوورسیز انویسٹمنٹ چیمبر آف کامرس نے سالانہ سیکورٹی سروے رپورٹ جاری کی ہے، جس میں پاکستان کی سیکورٹی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس تنظیم سے 200 سے زائد غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں منسلک ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے مطابق امن وامان اور جرائم کے خاتمے کے حوالے سے کراچی، لاہور، پشاور اور بلوچستان سمیت تجارتی مراکز کی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے سرمایہ کار کمپنیوں کی کاروباری مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ سیکورٹی کی صورت حال کے حوالے سے پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کے جان کے تحفظ پر چینی حکومت اپنے تحفظات غیر معمولی انداز میں بیان کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ یہ بات خود ہمارے لیے قابل غور ہے کہ غیر ملکی کمپنیاں کیوں اس بات پر مجبور ہوئی ہیں کہ پاکستان میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور اور پشاور میں معمولی سی بہتری نوٹ کی گئی ہے یہ مسئلہ اس لیے سنگین ہے کہ سیکورٹی کے اداروں کو غیر معمولی اختیارات حاصل ہوگئے ہیں لیکن شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ضمانت کوئی حکومت دینے کے قابل نہیں ہے۔