یورپی یونین کی ہنگری کے وزیراعظم کے دورئہ روس پر کڑی تنقید

202

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفیروں نے روس اور چین کے دورے کی وجہ سے ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ یورپی سفیروں نے برسلز میں منعقدہ 2 گھنٹے کے اجلاس میں ٹرم چیئرمین ملک ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کے اچانک دورہ چین اور دورہ روس پر بات چیت کی ۔ سفیروں نے کہا ہے کہ اوربان نے یونین کے نام پر بات کرنے کا اختیار نہ ہونے کے باوجود اور دیگر یورپی رہنماوں کا تعاون حاصل کیے بغیر روس کا غیر متوقع دورہ کر کے 27 ممالک کے اتحاد کو نقصان پہنچایا اور یونین کے سمجھوتوں کی بھی خلاف ورزی کی ۔ دوسری جانب ہنگری کے سفیر نے کہا کہ اوربان نے یہ دورہ بحیثیت ٹرم چیئر مین کے نہیں بلکہ ہنگری کے وزیر اعظم کی حیثیت سے کیا ہے۔ دورے کا مقصد یوکرین میں جنگ بندی کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم وکٹور اوربان نے یکم جولائی کو یورپی یونین کی ششماہی ٹرم چیئر مین شپ حاصل کرنے کے بعد 2 جولائی کو کیف میں یوکرین کے صدر وولودی میر زیلنسکی کے ساتھ اور 5 جولائی کو ماسکو میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کی تھی۔