پاکستان اس وقت معاشی بحران میں مبتلا ہے‘ مصطفی کمال

167

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان کے سینئررہنما مصطفی کمال نے کہاہے کہ پاکستان معاشی بحران میں مبتلا ہے اور تمام پاکستانی مایوسی کا شکار ہیں،سستی اور مستقل بجلی کیلئے کے الیکٹرک کی اجاراہ داری ختم کرنا ہوگی،ڈسکوزکے لائسنس ایک سے زیادہ کمپنیوں کودیئے جائیں، اس سے مقابلے کی فضا بنے گی، فائدہ عوام کوہوگا جبکہ صارف کے پاس آپشن ہوکہ جس کمپنی کی چاہے بجلی استعمال کریں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حالات اتنے خراب ہو گئے ہیں کہ تمام پاکستانی متاثر ہیں، ایسے حالات میں انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے، روس جیسا جوہری طاقت رکھنے والا ملک معاشی بحران کی وجہ سے ٹوٹ گیا ملک میں توانائی کا شدید بحران ہے، 600 ارب روپے نقصان توانائی کے شعبے میں ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2 ہزار 600 ارب کے ہم پر گردشی قرضے ہیں، یہ نمبرز میرے نہیں ہیں، ہمیں اس سال 1700 ارب پاور کمپنیز کو دینے ہیں، ہم نے پوری ملک کی ڈیولپمنٹ کے لیے 1400 ارب رکھے ہیں اور ہم صرف پاور کمپنیز کو 1700 ارب دیں گے تو یہ اتنا بڑا حجم ہے، اب یہ صورتحال ہے ہماری، اس زخم کو صحیح کیے بغیر ہماری پاکستان کی معیشت کے جسم کو صحیح نہیں کیا جاسکتا۔ پاور سیکٹر کی مس مینجمنٹ اور لاسز معیشت پر زخم ہیں، اس کو روکے بغیر معیشت ٹھیک نہیں ہوگی۔