ترقی کے لیے وسائل و آبادی میں توازن ناگزیرہے، وزیراعظم

73

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ معاشی ترقی ، لوگوں کا رہن سہن بہتر بنانے اور غربت میں کمی کے لیے آبادی میں اضافے کے مسئلے سے نمٹنے اور وسائل اور آبادی کے حجم کے درمیان توازن پیداکرنے کی ضرورت ہے،حکومت نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی کے لیے پر عزم ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار وزیراعظم نے آبادی کے ؤعالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم آبادی کے مسائل کی اہمیت اور قومی ترقی پر ان کے گہرے اثرات پر غور کرنے کے لیے عالمی برادری کیساتھ شریک ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ ہماری پالیسیوں اور پروگراموں میں پاکستان بھر سے ہر شخص ، کمیونٹی اور آواز کو شامل رکھے جائے۔ جامع ڈیٹا ہمیں صحت اور تعلیم سے لے کر معاشی مواقع اور سماجی تحفظ تک ان شعبوں کی نشاندہی کے قابل بناتاہے جو ہماری کوششوں کے متقاضی ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ معاشی ترقی ، لوگوں کا رہن سہن بہتر بنانے اور غربت میں کمی کے لیے آبادی میں اضافے کے مسئلے سے نمٹنے اور وسائل اور آبادی کے حجم کے درمیان توازن پیداکرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنی حکومت کو مختلف ضروریات اور آبادی کے چیلنجزکا پوری طرح ادراک ہے۔ ہم ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے کام کرسکتے ہیں جہاں اپنے وسائل اور ترقی کے مواقع تک مساوی رسائی حاصل ہو۔