پختونخوا میں احتجاج بڑھنے لگے، شہری گرڈ اسٹیشن میں گھس کر بجلی بحال کرانے لگے

327

پشاور:خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام نے  احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور آئے روز بجلی کی طویل بندش سے پریشان شہریوں نے گرڈ اسٹیشن میں گھس کر بجلی بحال کرانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

تازہ واقعہ پشاور میں پیش آیا، جہاں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے دلزاک کے علاقے میں مشتعل افراد نے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بجلی بحال کروا دی۔ اس موقع پر پیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے گھروں اور مساجد میں پانی جیسی بنیادی  ضرورت سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔

پیسکو کی جانب سے مظاہرین کے دھاوے کے موقع پر پولیس اور انتظامیہ کو طلب کیا گیا، جس کے بعد مذاکرات کے نتیجے میں مظاہرین گرڈ اسٹیشن سے واپس روانہ ہو گئے۔

ترجمان پیسکو کے مطابق مذکورہ گرڈ اسٹیشن پر 70 فی صد سے زیادہ لاسز ہیں، جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی خان میں لکی مروت سرائے نورنگ میں بجلی کے ستائے عوام سڑکوں پر نکلے اور پیسکو آفس پر دھاوا بولتے ہوئے توڑ پھوڑ کی اور سامان اٹھا کر دفتر سے باہر پھینک دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پختونخوا کے کئی علاقوں میں مشتعل افراد کی جانب سے گرڈ اسٹیشن اور پیسکو دفاتر میں زبردستی داخل ہوکر بجلی بحال کرانے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ لوڈشیڈنگ  کے ستائے شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کمپنیاں طے شدہ شیڈول سے ہٹ کر بجلی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کررہی ہیں، جس سے بھاری بلز جمع کرانے کے باوجود شہریوں کی زندگی اجیرن کردی گئی ہے۔