اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چینی شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتا یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، چینی شہریوں سے متعلق سیکورٹی آڈٹ کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے، متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے نئے ایس او پیز پر 100فیصد عملدرآمد کو یقینی بنائی۔وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت چینی شہریوں کی سیکورٹی سے متعلق کور کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں چینی شہریوں کی سیکورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ و دفاع، انچارج نیشنل کورآرڈینیٹر نیکٹا، کورآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اس کے علاوہ تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز پولیس اور سیکرٹریز داخلہ وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں چیف سیکرٹریز و آئی جیز پولیس نے اجلاس کو چینی شہریوں کی حفاظت کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کے متعلق آگاہ کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کی سیکورٹی کے ایس او پیز تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت سے تیار کیے گئے ہیں، حتی الوسع کوشش کی گئی ہے کہ ان ایس او پیز میں سیکورٹی کے تمام پہلوں کو مد نظر رکھا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ میں کام کرنے والے ادارے مزید سفارشات سے بھی آگاہ کریں، کور کمیٹی ان سفارشات کا جائزہ لے گی، اگر کہیں بھی بہتری کی گنجائش ہوئی تو ان سفارشات پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا۔