پشاور (صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے شیڈو گورنر کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے جبکہ آپریشن کے دوران 4 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے گئے۔ پشاور پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن پشاور کے مضافاتی علاقے متنی حسن خیل میں کیا گیا، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے حصہ لے رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے متنی حسن خیل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں 4 اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے جب کہ کالعدم ٹی ٹی پی کا شیڈو گورنرکمانڈر عبدالرحیم بھی کارروائی میں مارا گیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ کمانڈر عبدالرحیم کے 2 ساتھی بھی آپریشن میں ہلاک ہوئے، صبح سے جاری آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، حسن خیل آپریشن پولیس اور سی ٹی ڈی کی بڑی کامیابی ہے۔ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں سپرد خاک کردیاگیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن میں 3 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جو زیر علاج ہیں۔