وزیراعظم کا 5 اہم وزارتیں اور محکمے ختم کرنے کا فیصلہ

135

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک + آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے 5 اہم وزارتیں اور محکمے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے قائم کیے گئے انسٹیٹیوشنل ریفارمز سیل نے رائٹ سائزنگ پر کام شروع کر دیا ہے۔ 5وفاقی وزارتوں سے ایک ہفتے میں سفارشات مانگ لی گئی ہیں جن وزارتوں سے سفارشات مانگی گئی ہیں ان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، کشمیر افیئرز، وزارت سیفران ، وزارت صنعت و پیداورا ور وزارت ہیلتھ سروسز شامل ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں کو دی جانے والی وزارتوں کا کردار بتانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیرخزانہ اور رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی پر مشتمل کمیٹی بنا دی۔ دوسری جانب وفاقی کابینہ نے پی ڈبلیو ڈی کو ختم کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی۔ پی ڈبلیو ڈی سے متعلق پورے پلان کی منظوری دی گئی۔وزیراعظم نے بجلی کے بلوں پر ریلیف کو فوری طور پر فراہم کرنے اور وزارتوں کو سولر پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ کے اجلاس میں ادویات کے اشتہارات ٹی وی ، ریڈیو اور پرنٹ میڈیا پر چلانے کی بھی منظوری دی گئی۔