راولپنڈی (آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کیس کے معاملے پر پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ کے فیصلے پر لگی ہیں ۔ ہمیں عدالت سے انصاف ملنے کی توقع ہے ۔ پرویز خٹک احسان فراموش ہیں ، انکے بانی پی ٹی آئی کے خلاف گواہی دینے پر افسوس ہوا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پرویز خٹک کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ انہوں نے کہا آج پرویز خٹک بانی پی ٹی آئی کے خلاف گواہی دینے آئے اس پر بہت افسوس ہوا ۔ پرویز خٹک کو بانی پی ٹی آئی نے عزت دی اور خیبر پختونخوا کا وزیراعلی بنایا ، بانی پی ٹی
آئی نے انھیں وزیر دفاع بنایا لیکن یہ شخص احسان فراموش نکلا ۔ صدیوں میں بھی کم ہی موقع ملتا ہے کہ قوم کے لیڈر کے ساتھ کھڑا ہوا جائے ۔ مجھے افسوس ہے پرویز خٹک پر ہم ان کے ساتھ تب تک تھے جب وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تھے ۔ لیڈر سے ان کی بیوفائی کا جواب انھیں حلقے کے عوام نے بھی دے دیا ہے ۔