اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے اور ایس آئی ایف سی ملک چلا رہی ہے، شہباز شریف کو صرف فیتے کاٹنے کے لیے رکھا گیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کی امید ختم کردی ہے، الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی ہے، سب کو معلوم ہے الیکشن کمیشن نے فراڈ الیکشن کروائے، پاکستان کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کے علاؤہ کوئی راستہ نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ نے ملک کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کی طرف جانا ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کی قبر کھودی جا رہی ہے ،کون سی جمہوریت میں ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل ہوتے ہیں ،شہباز شریف کو صرف فیتے کاٹنے کے لیے رکھا گیا ہے، میرے ساتھ اس طرح کا سلوک کیا جارہا ہے جیسے میں پاکستان کے ساتھ کوئی بڑی غداری کی ہو۔
انہوں نے کہا کہ مشکل فیصلے وہ کرتا ہے جس کے پیچھے عوام کھڑی ہو، کسی کو اس موجودہ حکومت پر بھروسہ نہیں رہا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ہمیں انصاف کے لیے الیکشن کمیشن بھیج رہے ہیں۔ کیا چیف جسٹس کو نہیں معلوم ہماری ساری پارٹی انڈر گراؤنڈ تھی؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ4 سال میں ملک کے قرضے 80 سے 90 کھرب تک پہنچ گئے، 2021میں ملک کا قرضہ 2.8 ٹریلین تھا چار سال میں ملک کے قرضے 8 سے 9 ٹریلین تک پہنچ گئے، جس غریب کا 2 ہزار بل آتا تھا اب اس کا 10 ہزار بل آتا ہے۔