کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کا 80 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے، 800 سے زائد نصب جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شہر کی 24گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے یوئے چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی عدیل اکبر نے کہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں پروجیکٹ کے تحت نصب 800 سے زائد کیمروں کے ذریعے شہر کی 24گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ سیف سٹی پروجیکٹ اہم سرکاری و نجی عمارتیں ، وی آئی پی موومنٹ ،جلسے جلوس اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی میں کارگر ثابت ہو رہا ہے۔چیف آپریٹنگ آفیسر کے مطابق سیف سٹی پروجیکٹ کے ذریعے پولیس کو مطلوب دہشت گرد اور جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری میں بھی معاونت ملے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ شہر کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ اس منصوبے میں ہیلپ لائن 1788 کی شامل ہے جس کے ذریعے شہری پولیس کی بروقت مدد حاصل کر سکتے ہیں اور کہا کہ پروجیکٹ سے نان کسٹم پیڈ اور ڈبلنگ گاڈیوں کی روک تھام اور ٹریفک کے نظام میںبھی بہتری آئے گی۔