فواد چودھر ی کو بیرون ملک جانے کی اجازت ۔ تھانہ مری کے مقدمے میں شیخ رشید بری

105

 

اسلام آباد (آن لائن/صباح نیوز ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کوبیرون ملک جانے کی اجازت دے دی،تھانہ مری اسلحہ کیس میں شیخ رشید بری۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے فواد چودھری پر سفری پابندی کی فہرست سے نام نکلوانے کی درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرانے کے لیے عدالت سے وقت طلب کیا، تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2 ہفتوں کے لیے عارضی طور پر سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا اور قرار دیا ہے کہ فواد چودھری 10 سے 24 اگست تک بیرون ملک جا سکتے ہیں۔ادھرراولپنڈی کے سول جج ذیشان احمد نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کوتھانہ مری کے مقدمے میں بری کردیا، عدالت نے فیصلہ گزشتہ ہفتہ محفوظ کیا تھا ۔ عدالت نے حکم نامے میں لکھا کہ سابق وزیر داخلہ کے خلاف غیر قانونی اسلحہ مقدمہ جھوٹا ہے اور جس اسلحہ کا الزام لگایا گیا اس کا لائسنس موجود ہے۔اسلام آبادہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ تمام کیسز میں گفتگو یہی رہی کہ پولیس کے پاس کوئی ثبوت نہیں، ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوگیا ضمانتیں چل رہی ہیں، پاکستان میں لاقانونیت کی کیفیت ہے، آئین کی قدر نہیں کی جا رہی، ججز کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے، پاکستان کا سیاسی نظام فارم 47 پر کھڑا ہے، فارم 47 کی حکومت خود کو بچانے کے لیے ہر وہ کام کر رہی ہے جس سے آئین متاثر ہو رہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ریاستی ڈھانچہ اداروں پر کھڑا ہوتا ہے لیکن ایک ایک کرکے تمام اداروں کو ملیا میٹ کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جب آپ تمام ادارے تباہ کر دیں گے تو ملک کیسے چلائیں گے؟ اگر ادارے ہی تباہ کر دیے تو پھر ملک کو کیسے پاؤں پر کھڑا کریں گے؟ اس وقت تلخیاں ختم کرنے کی ضرورت ہے، گرینڈ پولیٹیکل ڈائیلاگ ہی پاکستان کا مستقبل ہے، عدم استحکام پاکستان کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو بجلی کے بلوں نے متاثر کیا ہے، تنخواہ دار طبقے کو سمجھ نہیں آ رہی زندگی کیسے گزارنی ہے؟ وزیر خزانہ ہالینڈ کے شہری ہیں یہ پاکستان کے عوام کی کمر توڑ کر واپس جائیں گے، پاکستان میں سیاسی استحکام لانے کی ضرورت ہے، چین، سعودی عرب، امریکا، یورپی یونین اور پوری دنیا کہہ رہی ہے آپ استحکام لائیں اور عمران خان کے بغیر پاکستان میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا، ملک میں عدم استحکام تب ختم ہوگا جب آپ عمران خان کو نظام میں لائیں گے۔