آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کی تضحیک نہیں ہونی چاہیے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

111

اسلام آباد (آن لائن) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کی تضحیک نہیں ہونی چاہیے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف الزامات کی تشہیر پر توہینِ عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے وکیل کی طرف سے پروگرام کا ٹرانسکرپٹ جمع کروا دیا گیا ہے، پیمرا یہ معاملہ کونسل آف کمپلینٹ کو بھیج رہی ہے، پیمرا کا کونسل آف کمپلینٹ سما ٹی وی پر چلنے والے پروگرام کی حد تک معاملہ دیکھ سکتا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ پیمرا نے جو کرنا ہے آزادانہ کرے، ہم اس پر کچھ ہدایت نہیں کریں گے‘ ہم کسی جج کے خلاف ریفرنس دائر کرنے سے نہیں روک سکتے‘ پاکستان کا قانون ہر شہری کو ریفرنس دائر کرنے کا اختیار دیتا ہے‘ مقدمات کی رپورٹنگ کریں لیکن فیصلے نہ سنا دیا کریں۔ وکیل پیمرا نے کہا کہ بہت سے صحافیوں نے وی لاگز کر کے عدالتی کارروائی کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارا دائرہ اختیار یہ ہے کہ اس بات کا تعین کیا جائے انہوں نے توہین عدالت کی ہے یا نہیں۔ عدالت عالیہ نے کیس کی مزید سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی۔