پشاور (اسپورٹس ڈیسک)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان سے انکے دفترسول سیکرٹریٹ پشاور میں حالیہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے31ویں ایشین جونیئر ا سکواش چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے صوبے سے تعلق رکھنے والے قومی کھلاڑیوں کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں کیٹیگری انڈر 19 میں طلائی تمغے حاصل کرنے والے کھلاڑی حمزہ خان،کیٹیگری انڈر 19 میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے محمد عماد،کیٹیگری انڈر 17 میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے عبداللہ نواز،کیٹیگری انڈر 15 میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے نعمان خان اور انڈر15میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے کھلاڑی عبداللہ زمان شامل تھے جبکہ ایم پی اے پی کے 10 مٹہ سوات نعیم خان، اسکواش کی عالمی کھلاڑی نورینہ شمس و دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔مشیر کھیل نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے اس موقع پر سونے کے تمغے حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو 2 لاکھ جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو ایک، ایک لاکھ روپے کے انعام سے بھی نوازا۔دریں اثنا مشیر کھیل و امور نوجوانان سے پاکستان گرلزگائیڈ ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی صوبائی صدر فائزہ بابر اور گائیڈ کمشنر زرغونہ سلیمان پرمشتمل وفد نے بھی ملاقات کی اور انکے ساتھ صوبے میں گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کومزید فعال کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ڈائریکٹر یوتھ افیرز خیبر پختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد بھی موجود تھے۔
اس دوران وفدنے مشیر کھیل کو گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کی جانب سے معاشرے میں خواتین کی فلاح و بہبود اور مثبت سرگرمیوں کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پروفد کو یقین دلایا گیا کہ محکمہ یوتھ افیرز کی جانب سے پشاور میں محترمہ فاطمہ جناح کی جانب سے قائم کئے گئے گائیڈ ہاس اور ڈی آئی خان میں واقع گائیڈ ہاس کو لڑکیوں کی فلاح و بہبود کیلئے فعال کیا جائے گا۔اس موقع پر مشیر کھیل کا کہنا تھا کہ حکومت پوری طرح پر عزم ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی کے دھارے میں یکساں طور پر شامل کیا جائے اور ہم اپنے اس ویژن کے تحت بلاکسی تفاوت نوجوان طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہے ہیں۔انہوں نے خواتین کی ترقی کیلئے گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا۔