عدالت عظمیٰ: قاسم سوری کی تمام جائداد کی تفصیل جمع کرانیکا حکم

133

 

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی نااہلی کیس میں بلوچستان حکومت کو قاسم سوری کی تمام جائیداد کی تفصیلات جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سماعت کا تحریری حکمنامہ لکھوایا۔ حکم نامے کے مطابق اخباروں میں اشتہار دیا لیکن قاسم سوری نہیں آئے، وکیل نعیم بخاری کا بھی اپنے کلائنٹ سے رابطہ نہیں ہے، وفاقی حکومت، بلوچستان حکومت اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کیے جاتے ہیں، بلوچستان حکومت قاسم سوری کی ساری جائیداد کی تفصیل جمع کروائے، وفاقی حکومت اور ایف آئی اے بتائے کہ قاسم سوری کیسے بیرون ملک گئے؟ جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل نعیم بخاری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں اتنے خوبصورت شخص کو کیسے کہہ سکتا ہوں کہ کیس چھوڑ دیں جبکہ جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ آپ کورٹ سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ آپ ان کو ہمارا پیغام پہنچائیں، وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ میرا کوئی رابطہ ہی نہیں ہے، پیغام کیسے بھیجوں؟