عمران خان کی بغیر مداخلت ملاقات کیلیے درخواست پر رپورٹ عدالت میں جمع

47

اسلام آباد (آن لائن) سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جیل میں بغیر مداخلت ملاقات کی اجازت کی درخواست پر رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروادی تاہم عدالت نے درخواست گزار کے بنیادی تحفظات مختلف ہونے کے حوالے سے وزارت دفاع کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ منگل کوچیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، سیکرٹری دفاع، داخلہ اور محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے عدالت میں جواب جمع نہ کرایا جا سکا۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے دلائل دیے کہ سیکرٹری دفاع کی طرف سے جواب آنا سب سے زیادہ ضروری ہے، اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کے بنیادی تحفظات مختلف ہیں، اس حوالے سے وزارت دفاع کی رپورٹ جمع کرائیں۔ جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ آپ اڈیالہ جیل سے ذرا چیک کر لیں اور اپنی رپورٹ جمع کرائیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔