کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی شدید حبس اور گرمی کے بعد تیز ہوا کے ساتھ موسلادھاربارش سے شہر کا نظام درہم برہم ہوگیا ، بلدیہ عظمی کراچی ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ،کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ،کمشنرکراچی ، ڈپٹی کمشنرز، کنٹونمنٹ بورڈز، این ڈی ایم اے ،پی ڈی ایم اے اور حکومتی دعوے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی مون سون بارشوں کی
نکاسی کے حوالے سے کیے گئے دعوے بارشمیں تحلیل ہوگئے، کراچی میں مون سون کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے،کراچی کہ مختلف علاقوں میں برساتی پانی جمع ہوگیا، گٹرنالے ابل پڑے جس سے پانی سڑکوں پر آنے سے بدترین ٹریفک جام کی صورتحال سامنے آئی اور مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔شہر کے مختلف علاقوں میں صرف 2 ملی میٹر سے 58ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، شہر کے بڑے حصے میں 25 سے 30 میٹر بارش ریکارڈ کی گئی لیکن اس کے باوجود بھی انتظامیہ صورتحال کو قابو رکھنے میں ناکام دکھا ئی دی ہے ۔ٹریفک پو لیس اہلکار متعدد مقامات پرغائب رہے۔ٹریفک پولیس اہلکار ان مقامات سے بھی غائب رہے جہاں وہ روزانہ کی بنیاد پرشہریوں کے سیکڑوں چالان کرتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک بے ہنگم انداز سے چلتا رہا اور شہریوں نے منٹوں کا سفر کا گھنٹوں میں طے کیا۔کراچی میں بارش کے بعد بجلی کی بھی صورتحال خراب ہو گئی، 300 سے زاید فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جو رات گئے تک بحال نہیں ہو سکی۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں منگل کی شام ہونے والی بارشوں کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کرد یے ہیں ، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58 ملی میٹر ہوئی۔اس کے بعد اورنگی ٹاؤن میں 30 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 19.8 ملی میٹر، ائرپورٹ پر 18.5 ملی میٹر اور پی اے ایف بیس پر 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سہراب گوٹھ، گڈاپ اور صدر میں صرف بوندا باندی ہوئی، ڈیفنس میں بھی صرف بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔علاوہ ازیں کراچی میں ہونے والی موسلادھار بارش اور ہوائوں کے باعث برنس روڈ پر واقع قدیم عمارت کی دوسری منزل کا حصہ گرگیا ہے۔حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا، خستہ حال عمارت کو پہلے ہی خطرناک قرار دیا گیا تھا۔ادھر بارش کے دوران گلشن اقبال بلاک 13سی میں درخت متعددگاڑیوں پر گر گیا جس سے ایک گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی جبکہ دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔مزید برآں کراچی کے موسم سے متعلق محکمہ موسمیات نے اپنے موقف کو تبدیل کرلیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ اب کراچی میں 20جولائی تک تیزبارش کا امکان نہیں، البتہ جولائی کے آخر اور اگست میں تیز بارشیں ہو سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ بحیرہ عرب میں بننے والا تھندر سیل مزید طاقتور ہو رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 11جولائی سے سمندری ہوائیں مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی، جس سے موسم کی صورتحال بہتر ہوگی۔