ہمارا وژن کراچی کی تعمیر وترقی اور اسے آگے بڑھا نا ہے ٗ منعم ظفر خان

316
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان لیاقت آباد ٹائون میں منصورہ اسپورٹس کمپلیکس اور اپنا لیاقت آباد انڈورکرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کررہے ہیں، ٹائون چیئرمین فراز حسیب بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر جماعت اسلامی گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ،چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کے ساتھ یونین کمیٹی نمبر 2 لیاقت آباد ٹائون میں منصورہ اسپورٹس کمپلیکس اور اپنا لیاقت آباد انڈور کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا وژن کراچی کی تعمیر وترقی اور اس شہر کو آ گے بڑھانا ہے، جماعت اسلامی اپنی کوشش اور جدوجہد جاری رکھے گی ،تعمیر و ترقی کا سفر جوں جوں آگے بڑھے گا، بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی،کراچی میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمین محدود وسائل میں اختیارات سے بڑھ کر کام کررہے ہیں۔ جون کے وسط میں حلف اٹھانے والے ٹاؤن چیئرمین کو نومبر میں کچھ اختیارات منتقل ہوئے۔ نومبر تا جون 240 دنوں میں کراچی کے 9ٹاؤنز میں جماعت اسلامی نے 83 پارکس بحال کیے، سب سے زیادہ 16 پارکس گلبرگ ٹاؤن جب کہ 14 پارکس گلشن اقبال ٹاؤن میں بحال ہوئے۔ یہ پارکس پہلے کچرا کنڈی کا منظر پیش کررہے تھے۔ 240 دنوں میں 30 ہزار کے قریب اسٹریٹ لائٹس نصب یا درست کرکے کراچی کی اندھیروں میں ڈوبی ہزاروں گلیوں کو روشن کردیا۔ واٹر اینڈ سیوریج کارپویشن ٹاؤن چیئرمین کے ماتحت نہیں مگر صرف نیو کراچی ٹاؤن میں 10 ہزار گھروں میں پانی پہنچایا گیا۔ شہر میں کہیں واٹر پارک بن رہا ہے اور کہیں اسپورٹس کمپلکس۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ٹاؤن چیئرمین کے ماتحت کیا جائے تا کہ زیادہ بہتر انداز میں شہریوں کے مسائل حل ہوسکیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کو تعلیم و کھیل سمیت ہر میدان میں موقع فراہم کرتی رہے گی ،بنوقابل پروجیکٹ کے تحت ہزاروں طلبہ و طالبات مفت آئی ٹی کورسز کررہے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی نے اپنی بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے نمائندے منتخب کیے جو امانت اور دیانت کے حوالے سے اپنا ایک مقام رکھتے ہیں، امانت، دیانت اور خدمت جماعت اسلامی کا اثاثہ ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن نے مل کر جماعت اسلامی کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا اور زبردستی میئر مسلط کردیا ۔چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی جو وعدہ کرتی ہے تو اس کو پورا کرنا جانتی ہے، سوچ اور نیت اچھی ہو تو ہر کام ممکن ہے، آج ہم جس اسپو رٹس کمپلیکس میں کھڑے ہیں یہاں کچرے کے انبار ہوا کرتے تھے، لوگوں کا یہاں سے گزرنا مشکل تھا لیکن علاقہ مکینوں کے تعاون سے ہم نے اس کا نقشہ تبدیل کردیا اور آج ہم اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کررہے ہیں۔ اس سے پہلے اس علاقے میں نوجوانوں کے لیے اسپورٹس کی سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی جگہ موجود نہیں تھی، انہوں نے امید ظاہر کی اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے بعد کرکٹ کے فروغ کے ساتھ نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔تقریب کے آخر میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے منتخب نمائندوں اور افسران کو اعزازی شیلڈ دیں۔ اس موقع پر وائس چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن اسحاق تیموری، کوآرڈینٹر صغیر احمد انصاری، انور جمال، متعلقہ یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین، قومی کرکٹر میر حمزہ، میونسپل کمشنر دریاخان پتافی، ڈائریکٹر ایڈمن فیض احمد، ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی، ڈائریکٹرانفارمیشن فہیم مصطفی و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔