جنوبی وزیرستان: سیکورٹی فورسز کے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں 3 سپاہی شہید

170

راولپنڈی: جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف ایک آپریشن میں تین سپاہی جام شہادت نوش کر گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ ہوا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان جام شہادت نوش کر گئے۔

منگل کے روز دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والوں میں سپاہی، اسد اللہ عمر: 30 سال، ساکن ضلع میٹاری، سپاہی محمد سفیان، عمر: 28 سال، ساکن ڈی آئی خان اور سپاہی زین علی، عمر: 24 سال، سکنہ ضلع بہاولنگر شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پاکستانی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔