عالمی برداری افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کی معاشی مدد کرے، وزیراعظم

225

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے معاشی مسائل کے حل کے لیے مدد کرے کیونکہ ملک اس وقت خود بڑے معاشی مسائل سے لڑ رہا ہے۔

وزیر اعظم کا یہ تبصرہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) فلپو گرانڈی سے ملاقات کے دوران آیا، فلپو گرانڈی 7 سے 9 جولائی تک پاکستان کے دورے پر اسلام آباد میں موجود ہیں ۔

ملاقات کے دوران، وزیر اعظم شہباز نے کمزور حالات میں لوگوں کے تحفظ اور حفاظت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی برادری کو اس سلسلے میں پاکستان کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجز اور سیکیورٹی خطرات سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے۔

یو این ایچ سی آر کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے افغان مہاجرین کی میزبانی میں اسلام آباد کو اقوام متحدہ کی ایجنسی کی حمایت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ متعدد چیلنجز کے باوجود پاکستان نے افغان مہاجرین کی مثالی عزت اور وقار کے ساتھ میزبانی کی ہے۔

وزیر اعظم نے پاکستان کی کوششوں کی تکمیل کے لیے مناسب وسائل کو متحرک کرنے کے لیے یو این ایچ سی آر کی مدد طلب کی، اقوام متحدہ کے ادارے پر زور دیا کہ وہ افغان مہاجرین کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پائیدار حل کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے.

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے گزشتہ کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کی سخاوت اور مہمان نوازی پر اظہار تشکر کیا اور یقین دلایا کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔