کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ہمارا ویژن کراچی کی تعمیر وترقی اور اس شہر کو آ گے بڑھانا ہے، جماعت اسلامی اپنی کوشش اور جدوجہد جاری رکھے گی،تعمیر و ترقی کا سفر جوں جوں آگے بڑھے گا، بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
امیر جماعت اسلامی گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ کے ہمراہ یونین کمیٹی نمبر 2 لیاقت آباد ٹاؤن میں منصورہ اسپورٹس کمپلیکس اور لیاقت آباد انڈور کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ کراچی میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمین محدود وسائل میں اختیارات سے بڑھ کر کام کررہے ہیں۔
منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ جون کے وسط میں حلف اٹھانے والے ٹاؤن چیئرمین کو نومبر میں کچھ اختیارات منتقل ہوئے، نومبر تا جون 240 دنوں میں کراچی کے نو ٹاؤنز میں جماعت اسلامی نے 83 پارکس بحال کیے، سب سے زیادہ 16 پارکس گلبرگ ٹاؤن جب کہ 14 پارکس گلشن اقبال ٹاؤن میں بحال ہوئے، یہ پارکس پہلے کچرا کنڈی کا منظر پیش کررہے تھے۔
انہوں نے مزید کہاکہ 240 دنوں میں 30 ہزار کے قریب اسٹریٹ لائٹس نصب یا درست کرکے کراچی کی اندھیروں میں ڈوبی ہزاروں گلیوں کو روشن کردیا۔ واٹر اینڈ سیوریج کارپویشن ٹاؤن چیئرمین کے ماتحت نہیں مگر صرف نیو کراچی ٹاؤن میں 10 ہزار گھروں میں پانی پہنچایا گیا۔ شہر میں کہیں واٹر پارک بن رہا ہے اور کہیں اسپورٹس کمپلکس۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ٹاؤن چیئرمین کے ماتحت کیا جائے تا کہ زیادہ بہتر انداز میں شہریوں کے مسائل حل ہوسکیں، جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کو تعلیم و کھیل سمیت ہر میدان میں موقع فراہم کرتی رہے گی،بنوقابل پروجیکٹ کے تحت ہزاروں طلبہ و طالبات مفت آئی ٹی کورسز کررہے ہیں۔