لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی جناح ہاؤس حملہ سمیت 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر محفوظ فیصلہ آج سنایا جائے گا۔
9 مئی کو جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان حملہ کیسز میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر محفوظ فیصلہ آج سنایا جائے گا۔
لاہور کی انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 6 جولائی کو 3 مقدمات میں دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالتی عملے کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر حاضری کے لیے اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کیا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کی حاضری کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔
سرکاری وکیل نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کر کے انہیں گرفتار کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ سرور روڑ ،گلبرگ اور تھانہ شادمان پولیس نے مقدمات درج کررکھے ہیں۔