باڈہ (نمائندہ جسارت) بینظیر انکم سپورٹنگ پروگرام کی جانب سے مستحق عورتوں کو ملنے والی امدادی رقم میں سے ایجنٹ مافیا کی غیر قانونی کٹوتی کے خلاف پی پی(ش ب) کی جانب سے تعلقہ صدر فدا حسین تنیو کی قیادت میں ہاتہوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پی پی(ش ب) کارکنان غلام محمد تنیو، فدا حسین جونیجو، زبیر لاکھیر، فرحان سومرو، سمیت شہر کے مختلف مکتبہ فکر سے وابستہ شخصیات کامریڈ اصغر نوناری، کامریڈ صفر مغیری، مرتضیٰ گوپانگ، زیب علی ساریو، علی رضا نوناری، محمد امین سیال، عامر خان چانڈیو، رفیق میرانی، فقیر جلال ساریو، وقار پٹھان، سرائی سوڈہو اور دیگر شہریوں نے شرکت کرکے ایجنٹ مافیا کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقعے پر فدا حسین تنیو، اصغر نوناری، مرتضیٰ گوپانگ اور دیگر شہریوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹنگ پروگرام کی جانب سے مستحقین عورتوں کو ملنے والے وظیفے سے ایجنٹ مافیا 5 سو روپے سے 1 ہزار روپے تک غیر قانونی کٹوتی کر رہی ہے جبکہ سینٹر پر نہ تو پینے کے پانی کا کوئی بندوبست ہے اور نہ ہی عورتوں کے بیٹھنے کے لیے کرسیوں کا بندوبست کیا گیا ہے، عورتیں شدید گرمی اور تیز دہوپ میں لائن میں کھڑی ہوکر امدادی رقم لینے پر مجبور ہیں۔گزشتہ روز ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے دو عورتیں بے ہوش ہوگئیں جنہیں ورثہ فوری طور پر علاج کے لئے ہسپتال لے گئے۔ مزید انہوں نے ڈی سی لاڑکانہ اور بینظیر انکم سپورٹنگ پروگرام کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرکے عورتوں کو وظیفے کی مکمل رقم دی جائے اور سینٹروں پر پینے کا پانی اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں نہیں تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھا دیا جائے گا۔