لاہور (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی مرتب ملک کے16 ریجنز کے 104 اضلاع میں فٹنس ٹیسٹ کرا نے کا فیصلہ کیا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق ملک میں جاری فٹنس ٹیسٹ میں2300 سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ یہ ٹیسٹ گراس روٹ لیول پر فٹنس کے کلچر کو شامل کرنے کے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے وژن کے مطابق کرائے جا رہے ہیں۔ ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ سینئر ٹورنامنٹ 2024-25 کے لیے اسکواڈز کو جمع کرنے کے لیے رواں سال اپریل اور مئی میں ہونے والے چیلنج کپ کے بعد ہر ضلع کے 23کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ہر ضلع میں یہ 23کھلاڑی متعلقہ ضلع اور علاقائی کوچز کی نگرانی میں سخت فٹنس اور اسٹرینتھ کے عمل سے گزر رہے ہیں۔فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد کھلاڑیوں کو ان کے متعلقہ اضلاع میں 45 روزہ کیمپ کے لیے بلایا جائے گا،جس کے بعد ستمبر میں انٹر ڈسٹرکٹ سینئر ٹورنامنٹ ہوگا۔