وزیراعظم شہباز شریف کا بیورو کریسی پر عدم اطمینان

68

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے بیورو کریسی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاور سیکٹر کے امور میں آزاد ماہرین کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے، بیوروکریسی کی جانب سے ورکنگ پیپرز آزاد ماہرین کو بھجوا دیے گئے، پاور سیکٹر کے امور پر آزاد ماہرین پر مشتمل کمیٹی یا کونسل تشکیل دیے جانے کا امکان ہے، وزیراعظم نے وزیر توانائی کو بھی ٹاسک دے دیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بجلی بحران سے متعلق وزیراعظم کو دی گئی بیورو کریسی کی بریفنگ میں بہت سی معلومات متضاد نکلیں، وزیراعظم نے پاور سیکٹر کی اصلاحات پر نجی ماہرین کی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، پن بجلی منصوبوں، نیٹ میٹرنگ، سولرائزیشن سے متعلق آزاد ماہرین سے رائے لی جائیں گی، بجلی کی قیمتوں سے متعلق بھی آزاد ماہرین سے خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، درآمدی کول پاور پلانٹس کو تھر کول پر منتقل کرنے سے متعلق بریفنگ پر بھی ماہرین سے رابطہ کرلیا گیا، بجلی کی پیداواری اور تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر بھی ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم آفس نے انرجی امور کے ماہرین سے رابطہ کر لیا ہے۔