اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے گرین پاکستان منصوبے کیلیے اسٹریٹجک نہروں پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کا ضیاع روکنے کیلیے اسٹریٹجک نہروں کی کنکریٹ لائننگ کی جائے، آبی تحفظ، پانی کا ضیاع کم کرنے اور پانی کی دستیابی بڑھانے کیلیے پاکستان کے آبپاشی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں ایوان صدر میں گرین پاکستان منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کچھی کینال منصوبے کو ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت منصوبے کی ترجیحی بنیادوں پر بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلیے فنڈز فراہم کرے گی۔