کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں قتل اور لوٹ مار کی وارداتیں تھم نہ سکیں، جون میں 40 افراد کو قتل کیا گیا، بھتہ خوری کے 6 مقدمات درج ہوئے، سب سے زیادہ واردتیں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھینتے اور چوری ہونے کی رپورٹ ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق سی پی ایل سی نے کراچی میں بڑھتے جرائم سے متعلق ماہ جون کے اعداد و شمار جاری کردیے، جس میں بتایا ہے کہ اے وی ایل سی کی خراب کارکردگی کی وجہ سے کراچی میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ملزمان کے نشانے پر ہیں۔ 30 روز میں کراچی کے مختلف علاقوں سے 24 گاڑیاں چھینی اور 135 چوری کی گئیں، جس میں صرف 80 گاڑیاں برآمد ہوسکیں۔ 564 موٹر سائیکلیں اسلحے کے زور پر شہریوں سے چھین لی گئی اور 2792 موٹر سائیکلیں چوری ہوئی، جس میں سے پولیس صرف 196 موٹر سائیکلیں برآمد کرسکی۔ اس کے علاوہ شہریوں سے 1433 موبائل فون اسلحے کے زور پر چھین لیے گئے اور پولیس صرف 18 موبائل فون برآمد کرسکی۔ کراچی میں بھتہ خوری کے 6 کیسز درج ہوئے۔