پنجاب: 500 یونٹ تک کے بجلی صارفین کو سولر سسٹم دینے کا منصوبہ

212

لاہور: پنجاب حکومت نے 50 تا 500 یونٹ تک کے بجلی صارفین کو سولر سسٹم دینے کا منصوبہ منظور کرلیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبے کے عوام کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق 50 تا 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینل دینے کا منصوبہ منظور کرلیا گیا ہے۔

سولر پینل سے متعلق پنجاب حکومت کے منصوبے ‘‘روشن گھرانہ پروگرام’’ کی باضابطہ منظوری کل منگل کے روز صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی۔ مجوزہ منصوبے کے تحت صوبائی حکومت 50 تا 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین کو سولر سسٹم دے گی۔

منصوبے کے مطابق سولر پینل کی لاگت کا 90 فیصد پنجاب حکومت اداکرے گی جب کہ 10 فیصد صارف دے گا۔ سولر پینل 5 سال کی آسان اقساط پر صارفین کو فراہم کیے جائیں گے۔ سردیوں میں سولر پینل کی قسط نسبتاً کم ہوگی۔

صارف کی ضرورت کے مطابق سرکاری بجلی اور سولر پینل سے حاصل ہونے والی بجلی کے درمیان شرح کا تعین بھی ہوسکے گا۔ شفاف طریقہ کار کے مطابق پہلے مرحلے میں غریب ترین گھرانوں کو سولرسسٹم دیے جائیں گے۔