ممبئی میں شدید بارش سے نظام زندگی درہم برہم، ٹرینیں، پروازیں معطل، اسکول بند

170

نئی دہلی:ممبئی میں شدید بارش کے نتیجے میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جب کہ ٹرینیں اور پروازیں معطل ہونے کے ساتھ اسکول بند کردیے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ممبئی میں مسلسل 6 گھنٹوں تک ہونے والی مسلسل بارش  315 ملی میٹر سے زیادہ ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں 50 سے زیادہ پروازیں منسوخ اور ٹرین سروس معطل ہونے سے ہزاروں مسافر ائرپورٹس اور ریلوے اسٹیشنز پر پھنس کر رہ گئے۔

ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں مختلف ریلوے اسٹیشنز پر 30 لاکھ سے زیادہ افراد ٹرین سروس، بجلی اور ٹرانسپورٹ کی دیگر سہولیات سے محرم رہ گئے۔ اس دوران نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی جانب سے کشتیوں اور دیگر امدادی ذرائع سے مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

دریں اثنا شدید بارش اور موسم کی خرابی کی وجہ سے سمندر بھی بپھرا رہا، جس کی لہریں 4.4 میٹر تک بلند ریکارڈ کی گئیں، جس کی وجہ  سے ساحلی اور مضافاتی علاقوں میں باقاعدہ الرٹ جاری کردیا گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق بیشتر علاقوں میں سڑکیں دریاؤں کا منظر پیش کررہی ہیں جب کہ کئی مقامات پر ہورڈنگز اور درخت اکھڑ گئے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے اگلے 2 دن تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے اسپتالوں اور امدادی محکموں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔