لوڈشیڈنگ و پانی بحران: جماعت اسلامی کے تحت اورنگی ٹاؤن کے عوام کا احتجاجی دھرنا 

144

کراچی:اورنگی ٹاؤن میں پانی کے شدید بحران، کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ، اووربلنگ، بجلی کے بھاری بلوں اور ان میں ظالمانہ سلیب سسٹم و ٹیکسز کے خلاف پیر کو جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹاؤن کے مکینوں، مرد وخواتین، بچوں اور نوجوانون نے بڑی تعداد میں اسلام چوک پر زبردست عوامی دھرنا دیا۔

  مظاہرین نے سندھ حکومت وقبضہ میئر،کے الیکٹرک، واٹر بورڈ اور نیپرا کے خلاف زبردست غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے پرجوش نعرے  لگائے، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر ”اورنگی کو بجلی دو،اورنگی کو پانی دو،بھاری بل بجلی غائب نامنظور نامنظور،کے الیکٹرک کی غنڈہ گردی ختم کرو، کے الیکٹرک کی حکومتی سر پرستی بند کرو،لوڈشیڈنگ ختم کرو، کراچی کو سستی بجلی دو، K-4منصوبہ مکمل کرو،،ٹینکر مافیا کو لگام دو، ٹیکس لیتے ہو پانی تو دو، اہل کراچی کو جینے کا حق دو، کہانی نہیں پانی دو، ٹینکروں میں نہیں نلکوں میں پانی دو، قبضہ مئیر پانی دو ورنہ کرسی چھوڑ دو، واٹر بورڈ کے راشی افسران کو برطرف کرو، فارم 47کی حکومت نامنظور‘ آئی ایم ایف بجٹ نامنظور و دیگر نعرے اور مطالبات درج تھے۔

مقررین نے متنبہ کیا کہ اگر مسائل حل اور مطالبات منظور نہ ہوئے تو کے ایم سی بلڈنگ اور کے الیکٹرک و واٹر بورڈ کے دفاتر سمیت شہر کے اہم شاہراؤں پر دھرنے دیئے جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دیں گے‘ حکومت کو عوام کے مسائل حل کرنا ہوں گے، جماعت اسلامی پوری عوامی قوت کے ساتھ میدان میں موجود ہے،  اس شہر اور شہریوں پر بہت ظلم ہوچکا‘ جماعت اسلامی عوامی کی حقیقی ترجمانی کا حق ادا کرے گی۔

منعم ظفر خان نے کہاکہ   اورنگی ٹاؤن اسلام چوک کا دھرنا آخری دھرنا نہیں حکمرانوں کی بے حسی کا سلسلہ جاری رہا تو  احتجاج کا دائرہ شہر بھر میں وسیع اور ظالم حکمرانوں کا گھیراؤ کریں گے، ظالمانہ بجٹ اور اس میں بھاری ٹیکسز، بجلی نرخوں میں مسلسل اضافے اور سیلب سسٹم کے خلاف جماعت اسلامی نے ملکی سطح پر تحریک کا آغاز کردیا ہے، 12جولائی سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کا آغاز ہو رہا ہے، یہ ظالم حکمرانوں، امریکی اور عالمی سامراج کے ایجنٹوں سے نجات کا ذریعہ بنے گا۔