افغانستان کا مسئلہ دورہ کرنے یا چائے کا کپ پینے سے حل نہیں ہو سکتا، بلاول بھٹو

138
release of the party leadership

پشاور:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افغانستان کا مسئلہ وہاں کا دورہ کرنے یا چائے کا کپ پینے سے حل نہیں ہو سکتا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ افغانستان میں کئی ملکوں  اور فوجوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وہاں کے مسائل کا حل دورہ کرلینے یا چائے کا کپ پینے میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گالم گلوچ نہیں بلکہ مثبت سیاست  پر یقین رکھتی ہے۔ کے پی کے میں گالم گلوچ، انا پرستی اور نفرت کی سیاست چل رہی ہے۔ پیپلز پارٹی یہاں پارٹی کی تنظیم نو کرے گی، ہم خیبر پختونخوا میں نفرت کی سیاست ختم کرکے مثبت سیاست لائیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن کے مسائل ہیں۔ صوبے میں بہت قربانیوں کے نتیجے میں امن قائم ہوا تھا۔ عوامی حمایت اور فورسز کی قربانیوں سے دہشت گردوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اب پختونخوا سے بلوچستان تک دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے۔اس سلسلے میں ہم وزیراعظم کی طلب کی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں ضرور شریک ہوں گے، کیونکہ ہم دہشت گردی کے خلاف، عوام اور فوج کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ووٹوں کی وجہ سے یہ حکومت کھڑی ہے، ہم سے بجٹ سے پہلے بات ہونی چاہیے تھی، وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے ہمارے تحفظات اور ایشوز حل کریں گے، اگلے بجٹ میں پیپلز پارٹی سے پہلے مشاورت کی جائے گی۔ اے پی سی کے منتظرہیں تاکہ حقائق کی بنیاد پر اپنا موقف سامنے رکھیں، ہم حکومت کے ہر فیصلے پر نہ تو تنقید کرتے ہیں نہ تعریف۔