پیپلزپارٹی باڈہ کو تحصیل کے درجے کا نوٹیفکیشن جاری کرے،تعلقہ موومنٹ

161

باڈہ (نمائندہ جسارت) باڈہ شہر کو تحصیل کا درجہ دلانے کے لیے باڈہ تعلقہ موومنٹ کی جانب سے 261ویں ہفتے بھی باڈہ میڈیا ہاؤس سے ٹاؤن ہال تک ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ آبادی اور اراضی کے اعتبار سے تحصیل کا حق رکھنے والے باڈہ شہر کو تحصیل کا درجہ نہ ملنے کے خلاف باڈہ تعلقہ موومنٹ کی جانب سے موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر زیب علی ساریو کی قیادت میں باڈہ میڈیا ہاؤس سے ٹاؤن ہال تک ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر باڈہ کو تحصیل کا درجہ دلانے کے نعرے لکھے ہوئے تھے۔ مظاہرے میں باڈہ شہر کی سیاسی سماجی علمی ادبی صحافتی اور کاروباری تنظیموں کے رہنماؤں علی انور عسکری، دودو دیشی، محمد علی خشک، کامریڈ اصغر نوناری، فدا حسین تنیو، علی رضا نوناری، محمد امین سیال، طاہر نور ہیسبانی، مور سندھی، جمال خاصخیلی، خان نوناری، فقیر جلال ساریو، سرائی سوڈھو، منظور شیخ، علی محمد کوری اور دیگر شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقعے پر رہنماؤں نے مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے باڈہ سے ہمیشہ ووٹ حاصل کرکے اقتدار کے مزے لوٹے ہیں مگر آج تک انہوں نے نہ تو باڈہ کو تحصیل کا درجہ دلایا ہے اور نہ ہی شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی ہیں۔ شہر میں بائی پاس، پبلک پارک، ٹیکسی اسٹینڈ، کمیونٹی ہال، پبلک پارک جیسی سہولیات دینا تو الگ شہریوں کو پینے کے لیے صاف اور میٹھا پانی بھی مہیا نہیں کیا جا رہا۔ انسان تو انسان جانور بھی میٹھے پانی کی ایک بوند کے لیے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پی پی ایم این اے نذیر احمد بگھیو، ایم پی اے عادل الطاف حسین انڑ اور دیگر پیپلزپارٹی قیادت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ باڈہ مکینوں کو اس دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرکے فی الفور باڈہ تحصیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے نہیں تو احتجاجی تحریک مزید بڑھا دی جائے گی۔