انجینئرز حقوق کیلیے میدان میں آئیں،انجینئرسید اشفاق حسین شاہ

147

پشاور(آئی این پی ) یونائٹڈ انجینئر ز پاکستان کے چیئرمین اور پاکستان انجینئرنگ کونسل الیکشن چیرمین شپ کے امیدوار انجینئر سید اشفاق حسین شاہ نے کہا ہے کہ انجینئرز جب تک اپنے حقوق کے حصول کے لیے میدان میں عملی طور پر نہیں آتے،ان کے مسائل حل نہیں ہونگے، ناممکن لفظ میرے ڈکشنری میں نہیں،پاکستان بھر کے انجینئر جب میرے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونگے تو انجینئرز کے حقوق کے حصول سے دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز پشاور میں یونائٹڈ انجینئرز کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انجینئرسید اشفاق حسین شاہ نے کہا کہ یہ نوجوان انجینئرز کی ذمے داری ہے جنہوں نے آگے چل کر اس ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہیں،ہمیں اپنی ترجیحات بلند رکھنا چاہیے،ہمیں کلرکس ایسوسی ایشن،ہیلتھ ورکرز سے سبق سیکھنا چاہیے جنہوں نے میدان میں نکل کر حکومت کو اپنے مطالبات منظور کرنے پر مجبور کردیا۔انجینئر اشفاق حسین شاہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں ایسے حقائق میرے سامنے آئے جس سے میری آنکھیں کھل گئی ہیں،ہماری کامیابی کا انحصار ہمارے اتحاد پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے قافلے میں وہ شامل ہیں جو محنت اور مسلسل محنت پر یقین رکھتے ہیں، انجینئر اشفاق نے کہا کہ بحیثت چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل کام کرنے کا موقع ملا تو مشاورت سے وہ انجینئرنگ کے نصاب کو وقت سے ہم آہنگ کرنے، انجینئرکے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائین گے،اس سے پہلے یو آئی ٹی پشاور کے سابق وائس چانسلر امتیاز گیلانی نے کہا کہ وقت کے تقاضوں کے مطابق انجینئرنگ نصاب میں تبدیلی اولین ترجیح ہونی چاہیے،انہوں نے توقع ظاہر کی کہ چیرمین منتخب ہو کر انجینئر اشفاق دیرینہ مسائل احسن انداز میں حل کریں گے۔امتیاز گیلانی نے کہا کہ آرٹی فیشیل انٹیلیجنس سے نوجوان نسل کو محنت سے غافل کردیا ہے، ہمیں مصنوعی طریقوں سے کام چلانے کے بجائے محنت اور عقل ودانش کو بروئے کار لانا چاہیے۔ ریاض خان نے کہا کہ انجینئر اشفاق نے مختلف اوقات ذمے داریوں کو جس طرح نبھایا ہے،ہم توقع کرتے ہیں کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل میں بھی انقلابی اقدامات اٹھائیں گے۔اس موقع پر نوجوان انجینئرز نے سوالات بھی کیے جن کا انجینئر اشفاق نے تفصیلی جوابات دیے۔