لاہور (نمائندہ جسارت )مہنگائی اور بجلی کے بلوں کی ستائی ہوئی عوام اب پھٹنے کو تیار ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ان کی آخری امید ہے۔ عوام کو جھوٹے وعدے کرکے اقتدار میں آنے والوں نے 300 یونٹ مفت بجلی تو کیا دینی تھی انہوں نے بجلی کے بلوں میں 300 گنا اضافہ کر دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں عوام اپنے گھروں کا سامان اور بچوں تک کو بیچنے پر مجبور ہیں۔ ایسے میں جماعت اسلامی پاکستان امیر حافظ نعیم الرحمن نے اس ظالمانہ بجٹ کے خلاف 12 جولائی کو اسلام آباد میں تاریخی دھرنے کی کال دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد نے پی پی 167 جوہر ٹاو¿ن کے زیر اہتمام جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ زندہ دلان لاہور اپنی روایات کے مطابق دھرنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔ 12 جولائی کو جوہر ٹاو¿ن سے چودھری عبدالقیوم گجر کی قیادت میں ایک بہت بڑا قافلہ اسلام آباد دھرنے میں شریک ہوگا۔ اس کیلئے رابطہ کمیٹی ، ٹرانسپورٹ کمیٹی ، اور دیگر انتظامی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ اجلاس سے امیر پی پی 167 چودھری عبدالقیوم گجر اور سیکرٹری حافظ سلیم عاربی نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں این سی صدور ڈاکٹر سلیم انجم ، عطا محمد ڈولہ ، فاروق سعید ، اظہر علی پیر زادہ ، رانا ریاض ، ارشد چوہدری ، نائب امیر زون اکرم شاہین اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر پر تکلف ناشتے کا اہتمام کیا گیا تھا۔